4 مویشی منڈیاں قائم، عوام سیل پوائنٹس سے خریداری کریں: چوہدری شفیق

بہاول پور (آج تک) 4 مویشی منڈیاں قائم، عوام سیل پوائنٹس سے خریداری کریں: چوہدری شفیق۔

چیف کارپوریشن آفیسر بہاول پور چوہدری محمد شفیق نے کہا ہے کہ کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری کی ہدایت پر شہر بھر میں چار مختلف مقامات پر مویشی منڈیاں قائم کر دی گئی ہیں اور ان مویشی منڈیوں میں عید الالضحیٰ کے موقع پر قربانی کی سنت ادا کرنے والوں کے لئے جانوروں کی خرید و فروخت کے حوالہ سے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا دیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں مویشی منڈیوں کے انتظام و انصرام کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کے بعد اپنے بیان میں کیا۔

چوہدری محمد شفیق نے جانوروں کی خرید و فروخت کرنے والے افراد کو تنبیہ کی ہے کہ وہ مقرر کردہ سیل پوائنٹس پر ہی اپنے جانوروں کی خریدو فروخت کو یقینی بنائیں اور اندرون شہر چلتے پھرتے، غیر منظور شدہ مقامات یا کھلے عام جانوروں کی خرید و فروخت سے گریز کریں بصورت دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے میونسپل کارپوریشن کا عملہ شہر بھر میں گشت کرے گا اور غیر منظور شدہ مقامات پر جانوروں کی خرید و فروخت کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

چوہدری محمد شفیق نے کہا کہ مویشی منڈیاں وسیع جگہوں پر قائم کی جا رہی ہیں اور عوام کو جانوروں کی خرید و فروخت کے حوالہ سے تمام سہولیات مقرر کردہ پوائنٹس پر فراہم کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مقرر کردہ سیل پوائنٹس پر جانوروں کی خرید و فروخت کے لئے آنے والے افراد کورونا وائرس کے حوالہ سے تمام احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن ہو سکے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
ہمارے ساتھ رابطہ کریں
Close
Close