کمشنر بہاولپور کی زیر صدارت انسداد ٹڈی دل اجلاس

بہاول پور (آج تک) کمشنر بہاولپور کی زیر صدارت انسداد ٹڈی دل اجلاس۔

چولستان میں ٹڈی دل کی موجودگی کی بروقت اطلاع و خاتمہ کے لئے موثر حکمت عملی ترتیب دی جائے اور ٹڈی دل کے خاتمہ کے لئے موجود وسائل کو بھرپور طریقہ سے استعمال کیا جائے۔

یہ ہدایات کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے آج یہاں کمشنر آفس بہاول پور کے کانفرنس روم میں انسداد ٹڈی دل کے حوالہ سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

ویڈیو لنک اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور مظفر خاں سیال، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں علی شہزاد، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر شعیب جدون اور ایم ڈی چولستان ترقیاتی ادارہ سمیت پاک فوج ودیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ چولستان کے علاقوں نواں کوٹ، سوریاں، ٹوک والا، مانڈو، گونیہ والا، مٹاں والی، بھبلے والا، بلوٹہ، بھائی خاں اور گاٹھ بری میں انسداد ٹڈی دل ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔نیزچولستان کے علاقہ جات میں انسداد ٹڈی دل کے لئے 10کیمپس لگائے جائیں گے جہاں امدادی ٹیموں کے لئے ہر کیمپ میں دو گاڑیاں بھی موجود ہوں گی۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ہدایت کی کہ بارڈر پار سے ٹڈی دل آنے پر فوری اطلاع کا مربوط نظام ترتیب دیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ انسداد ٹڈی دل مہم کے لئے درکار ضروری مشینری فوری طور پر فراہم کی جائے گی۔

کمشنر بہاول پور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹڈی دل کی ممکنہ افزائش کی روک تھام سمیت سپرے کے ذریعہ ٹڈی دل کا خاتمہ کیا جائے گا تاکہ زمیندار و کاشتکار کی فصلوں کا نقصان نہ ہونے پائے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
ہمارے ساتھ رابطہ کریں
Close
Close