عمران خان عوام پر رحم کریں استعفی دیں ،گھر جائیں بلاول بھٹو زرداری

کراچی: (آج تک ) بلاول بھٹو زرداری نے بڑھتی ہوئی مہنگائی میں بے پناہ اضافہ پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے سلیکٹڈ حکومت نے عوام کو دیوار سے لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، رمضان میں کھانے پینے کی اشیا کی ریکارڈ قیمتوں نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک  کو مسائل  سے نکالنا موجودہ حکومت کے بس کی بات نہیں، رمضان کے آغاز میں گھی، آٹا سمیت 16 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان مہنگائی کرنیوالے مافیا کی سرپرستی کرکے عوام سے دشمنی کر رہے ہیں رمضان میں ہر چیز کی نگرانی کے اعلان کے بعد مہنگائی میں اضافہ تشویشناک ہے۔

حکومت نے جس رمضان پیکج کا اعلان کیا تھا، وہ کہیں نظر نہیں آ رہا۔ رمضان میں یوٹیلٹی اسٹورز کو سبسڈی دینے سے حکومت کی ذمہ داری ختم نہیں ہوئی، اوپن مارکیٹ میں مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔

بچت بازاروں میں اوپن مارکیٹ سے زیادہ مہنگی اشیا فروخت ہو رہی ہیں۔ عام آدمی اہلخانہ کے لئے سبزیاں اور پھل تک نہیں خرید سکتا۔ وزرائے خزانہ کی تبدیلی سے عوام کی تکلیفوں میں کوئی کمی نہیں آ سکتی۔

اصل ریلیف اس وقت ملے گا جب ملک میں مہنگائی کے ذمہ دار نااہل حکمران گھر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نااہل وزیراعظم دنیا کی مثالیں دینے کے بجائے بتائیں ان کی حکومت نے عوام کیلئے اب تک کیا کیا؟ ہر مہینے مہنگائی میں اضافے کی شرح خود اپنا ریکارڈ توڑ رہی ہے۔ مہنگائی کے حوالے سے حکومت کےاپنے ہی اعدادوشمار اس کے کارناموں کی قلعی کھول رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
ہمارے ساتھ رابطہ کریں