شاہ سلمان ریزرو میں 100 ہرن چھوڑ دیے گئے
سعودی عرب میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز محفوظ جنگل کی ترقیاتی اتھارٹی نے مذکورہ جنگل میں 100 ہرنوں اور متعدد سرخاب پرندوں کو چھوڑ دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد معدومیت کے خطرے سے دوچار مخلوق کو دوبارہ سے قدرتی ماحول میں بسانا ہے۔
ترقیاتی اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ العامر نے باور کرایا ہے کہ ویژن 2030ء پروگرام میں ایسے منصوبے شامل ہیں جن میں ماحولیاتی پائیداری ، محفوظ جنگلوں کے قیام ، فطری زندگی کی ترقی ، ماحولیاتی تحفظ وار مملکت کی اراضی میں سر سبزی و شادابی بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ دو سال کے اندر شاہ سلمان بن عبدالعزیز محفوظ جنگل میں جانوروں کو چھوڑے جانے کا تیسرا منصوبہ ہے۔ اس سے قبل 2021ء اور 2022ء کے اوائل میں مجموعی طور پر 165 ہرنوں کو اس جنگل میں چھوڑا جا چکا ہے۔