پنجاب کلچرل ڈے کا انعقاد حکومت پنجاب کا مستحسن اقدام

پنجاب کلچرل ڈے کا انعقاد حکومت پنجاب کا مستحسن اقدام

تحریر.. عابد حسن رضوی

پنجاب لہلہاتے کھیتوں، پانچ دریاؤں کی سرزمین اور خوبصورت روایات کا امین ہے۔ پنجاب کی ثقافت بہت شاندار اور زرخیز ہے۔ اس خطہ کی ثقافت کو دنیا بھر میں روشناس کرانے کے لیے حکومت پنجاب نے  14 مارچ پنجاب کلچرل ڈے کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔

اس روز صوبہ بھر میں پنجاب کلچرل ڈے کی مناسبت سے شاندار تقاریب منعقد کی گئیں جن میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ، مختلف محکموں کے افسران و سٹاف اور عوام الناس نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ پنجاب کلچرل ڈے کے موقع پر کمشنر پہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال، ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا اور دیگر تمام سرکاری محکمہ جات کے افسران نے ثقافتی لباس میں ملبوس ہو کر اور پگڑی پہن کرفرائض منصبی سرانجام دئیے۔

پنجاب کلچرل ڈے کے موقع پر پنجاب کی ثقافت کو بہت خوبصورت انداز میں اجاگر کیا گیا اور دنیا کو یہ پیغام دیا گیا کہ پنجاب کی ثقافت اور تہذیب و تمدن نہایت زرخیز اور شاندار ہے اور پنجاب میں بسنے والے عوام نہ صرف اپنی تہذیب و ثقافت اوراپنی روایات کے امین ہیں بلکہ اپنی ثقافتی روایات سے ہمہ وقت جڑے رہنے والے اور محبت کرنے والے لوگ ہیں۔

پنجاب کلچرل ڈے کے موقع پر صوبہ بھر کے دیگر اضلاع کی طرح بہاول پور ضلع میں بھی شایان شان انداز میں پنجاب کلچرل ڈے کی تقاریب منائی گئیں۔گورنمنٹ ایس ڈی ہائی سکول بہاول پور سے فرید گیٹ تک کلچرل آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور عبادت نثار نے کی۔

کلچرل واک سے قبل لوک گیت بھی پیش کئے گئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو،سی ای او ایجوکیشن، سر کاری افسران وسٹاف نے ڈھول کی تھاپ پر جھومر ڈالاجس میں طلباء اور علاقے کے لوگوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور پنجاب کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے روایتی ملبوسات میں ملبوس ہو کر ثقافتی تقاریب میں شریک ہوئے۔ کلچرل واک کے اختتام پر پنجاب کلچرل ڈے کی اہمیت و افادیت اجاگر کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر،ڈی پی او اور شرکائے واک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب  اپنے کلچر سے بے پناہ پیار کرتے ہیں اور ہمیں اپنی ثقافت پر ناز ہے۔ ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان کی عوام امن پسند ہے اور اپنی ثقافت سے جڑی ہوئی ہے ہمیں اپنی ثقافت سے پیار ہے۔
پنجاب کلچرل ڈے کے موقع پر پر گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول ماڈل ٹاون اے کی طالبات نے اپنے اساتذہ کرام کی نگرانی میں پنجاب کلچرل ڈے کے حوالے سے خوبصورت کلچرل پروگرام بھی ترتیب دیاجس میں پنجاب کے گاؤں کا ماڈل پیش کیا گیا اور گاؤں میں شادی بیاہ کی رسومات، کھانا پکانے اور دیگر ثقافتی سرگرمیاں پیش کی گئیں۔

اس دوران طالبات نے مختلف گروپس کی شکل میں پنجاب کے کلچر کو پرموٹ کرتے ہوئے پنجاب کی ثقافت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔طالبات نے پنجاب میں شادی بیاہ کی رسومات کے ساتھ ساتھ دیہات میں کپاس کی چنائی، چرخہ کاتنے، قالین بافی، دوپٹے رنگنے  اور دیگر سرگرمیوں کوبھی اجاگر کیا۔ شرکائے تقریب نے شاندار کارکردگی پر طالبات، اساتذہ کرام اور والدین کی کاوشوں کو بے حد سراہا۔
پنجاب کلچرل ڈے کے موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی بہاول پور کے زیراہتمام شاندار ثقافتی تقریب کا اہتمام بھی کیا گیاجس میں مختلف سکولوں کی طالبات نے علاقائی گیت گائے اور پنجاب کی ثقافت کو شاندار انداز میں پیش کیا جسے حاضرین نے خوب سراہا اور داد دی۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور ڈی پی او عبادت نثار نے اپنے اپنے خطاب میں طالبات کی جانب سے پیش کئے گئے پنجاب کلچرل پروگرام کی تعریف کی۔انہوں نے اساتذہ کرام اور والدین کی محنت اور کوششوں کو سراہا۔اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن ظہور احمد چوہان نے شرکائے تقریب کا شکریہ ادا کیا۔

پنجاب کلچرل ڈے کے حوالے  سے ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں بھی تقاریب منعقد کی گئیں اورپنجاب کی ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔فرید پارک سیٹلائٹ ٹاؤن بہاول پور میں پنجاب کلچرل ڈے کے حوالہ سے شاندار تقریب منعقد کی گئی جس میں  پنجاب کی ثقافت کے حوالے سے دستکاری  کے اسٹالز ز سجائے گئے۔

نیز پنجاب کے روایتی لذیذپکوانوں کے اسٹالز بھی قائم گئے جہاں لوگ روایتی پکوان سے لطف اندوز ہوئے اور خوب تعریف کی۔ اس موقع پر پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاول پور اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن بہاول پور کے باہمی اشتراک سے شاندار ثقافتی میلہ بھی منعقد کیا گیا جس میں علاقے کے نامور فنکاروں نے لوک گیت پیش کئے اور حاضرین محفل سے داد حاصل کی۔

اس موقع پر لڈی اور جھومر کی پرفارمنس بھی پیش کی گئی جس میں  نوجوانوں نے بھرپور شرکت کرکے تقریب کی رونق کو بڑھایا۔ پنجاب کلچرل ڈے کے سلسلہ میں منعقدہ ثقافتی میلہ میں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا، ڈی پی او عبادت نثار اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان، سیاسی و سماجی رہنماؤں نے شرکت کی اور کلچرل ڈے تقاریب کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا۔

پنجاب کلچرل میلہ کے اختتام پر خوبصورت آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا جسے لوگوں نے بہت پسند کیا۔پنجاب کلچرل ڈے کا انعقاد حکومت پنجاب کا احسن اقدام ہے اور اس موقع پر شاندار ثقافتی تقاریب کے انعقاد سے پنجاب کا کلچر دنیا بھر میں متعارف ہوا ہے۔

Punjab Cultural Day

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button