امارات واپس آنے والوں کو انٹری پرمٹ بنوانے کی ضرورت نہیں ہو گی: حکومت

دبئی (آج تک) امارات واپس آنے والوں کو انٹری پرمٹ بنوانے کی ضرورت نہیں ہو گی: حکومت۔

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اعلان کر دیا ہے کہ آج کے روز سے امارات واپس آنے والوں کو انٹری پرمٹ بنوانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔

اعلان کے مطابق اماراتی ویزہ ہولڈرز جو اس وقت امارات سے باہر مقیم ہیں، اگر ان کے پاس کارآمد ویزہ ہے تو انہیں امارات واپس آنے کے لیے کسی انٹری پرمٹ کی ضرورت نہیں ہو گی ۔اس سے پہلے فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ (ICA) کی جانب سے مملکت واپس آنے کے لیے انٹری پرمٹ حاصل کرنے کی جو شرط عائد کی گئی تھی، وہ اب ختم کر دی گئی ہے۔ جس کے بعد اماراتی ریاستوں ابوظبی، شارجہ، عجمان، راس الخیمہ، اُم القوین اور فجیرہ کے ویزہ ہولڈرز انٹری پرمٹ کے بغیر امارات داخل ہو سکیں گے۔ البتہ دُبئی کے ویزہ ہولڈرز پر انٹری پرمٹ حاصل کرنے کی پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔

آج کے روز سے تمام ویزہ ہولڈرز کو امارات آنے سے پہلے ویب سائٹ uaeentry.ica.gov.ae. پر اپناکار آمد آئی ڈی، پاسپورٹ نمبر اور شہریت سمیت دیگر سفری دستاویزات اپ ڈیٹ کرانا ہو گی۔ دستاویزات کے اپ ڈیٹ ہونے کے بعد ویزہ ہولڈر کو مستند لیبارٹری سے اپنا پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہو گا۔ٹیسٹ رپورٹ نیگیٹو موصول ہونے کے بعد 96 گھنٹوں کے اندر اندر امارات کا سفر کرنا ہو گا۔ ورنہ نئی ٹیسٹ رپورٹ حاصل کرنا ہو گی۔ تمام مسافروں کا کورونا کا لیب ٹیسٹ ہو گا اور انہیں قرنطینہ ضوابط کی پابندی بھی کرنی ہو گی۔

دُبئی آنے والے سیاحوں کو اپنے ملک کی مستند لیبارٹری سے کورونا کے پی سی آر ٹیسٹ کی نیگیٹو رپورٹ حاصل کرنا ہو گی۔ اس کے علاوہ انہیں امارات میں آمد کے فوراً بعد 14 دن قرنطینہ میں گزارنا ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
ہمارے ساتھ رابطہ کریں
Close
Close